نئی دہلی،11 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی کی ایک عدالت نے ای ڈی کی درخواست پر پیر کو تہاڑ جیل کے حکام سے جواب مانگا۔ڈائریکٹوریٹ نے آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر کیس میں گرفتار مشیل سے جیل کے اندر پوچھ گچھ کے لئے عرضی دائر کی ہے۔جیل حکام سے منگل تک جواب دینے کے لئے کہا گیا ہے۔خصوصی جج اروند کمار نے مشیل کو منگل کو پیش کرنے کے لئے وارنٹ بھی جاری کیا۔اس کے وکیل نے جیل کے اندر ذہنی طور پر ہراساں کئے جانے کے الزام لگائے تھے جس پر عدالت نے پیشی وارنٹ جاری کیا۔دبئی سے حوالگی کے بعد ای ڈی نے اس کو پچھلے سال 22 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔عدالت نے اس سے پہلے مشیل کو سخت سیکورٹی والی الگ تھلگ رکھے جانے کو صحیح ٹھہرانے میں ناکام رہنے پر حکام کو پھٹکار لگائی تھی اور کہا تھا کہ اگر اسے مناسب جواب نہیں ملا تو وہ تحقیقات شروع کروائے گی۔ مشیل ان تین مبینہ بچولیوں میں شامل ہیں جن کے خلاف گھوٹالے کی جانچ ای ڈی اور مرکزی تفتیشی بیورو ہیں۔